اسلام آباد(جنگ رپورٹر)فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل، حیات علی شاہ نے پاکستان کے پہلے’ آن لائن ڈسپیوٹ ریزولوشن ( او ڈی آر)پلیٹ فارم‘ کے آغاز کو انصاف کی فراہمی کے عمل کیلئے خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ او ڈی آر تنازعات کو حل کرنے کیلئے ایک تعمیری اور دوستانہ ذریعہ فراہم کرتا ہے اورتنازعات کے متبادل حل کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے او ڈی آرمیکانزم اور عدالتی نظام دونوں کوہی تقویت ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل سینٹر فار الٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولیوشن آف پاکستان کی جانب سے تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کے پہلے آن لائن ڈسپیوٹ ریزولوشن پلیٹ فارم کے افتتاح کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس حوالہ سے اسلام آباد کلب میں امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف سرکاری محکموں اور تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی یو ایس ایمبیسی کے نمائندہ ، مسٹر گیریٹ میچم نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے انصاف کے شعبہ میں شفافیت، کارکردگی اور انصاف تک عوام کی رسائی کو بڑھانے میں ڈیجیٹل حل کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا ،سابق آئی جی ،ڈاکٹر شعیب سڈل نے کہاکہ او ڈی آرنہ صرف ایک بروقت اختراع ہے بلکہ انصاف کو یقینی بنانے کی جانب ایک ضروری قدم ہے۔