کراچی( اسٹاف رپورٹر ) کراچی کے علاقے بوٹ بیسن سے گزشتہ روز ملنے والی ہاتھ پاؤں بندھی خاتون کی لاش کی شناخت کر لی گئی،خاتون کو تشدد کر کے قتل کرنے کے بعد اس کی انگلیوں کے پوروں کو جلادیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن بلاک 2چائنا پورٹ اتوار بازار کے قریب سے گذشتہ روز خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی تھی جسے قتل کیا گیا تھا۔لاش مٹی کے ٹیلوں میں پڑی تھی۔ایس ایچ او راشد علی کے مطابق مقتولہ کی شناخت 49 سالہ شہناز زوجہ ارشد گل کے نام سے ہوئی ہے جو بلدیہ ٹاؤن کی رہائشی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کو اس کے بیٹے عادل نے اس کے کپڑوں اور دیگر چیزوں کی مدد سے شناخت کیا۔مقتولہ کے بیٹے کے مطابق وہ 22 نومبر کو بازار جانے کا کہہ کر گھر سے نکلی تھی جس کے بعد سے وہ لاپتہ تھی،گھر والوں نے اسے ڈھونڈنے کی کوشش کی اور تلاش میں ناکامی پر 24 نومبر کو اس کی گمشدگی کی رپورٹ تھانہ مدینہ کالونی میں کروائی۔