• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوبل انعام یافتہ سائنسدان بھی آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی سے الگ کرنے کے مخالف، وزیراعلیٰ کو خط لکھ دیا

کراچی( سید محمد عسکری) نوبیل انعام یافتہ کیمیا دان پروفیسر ژاں ماری لین نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ایک خط ارسال کرتے ہوئے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بایولوجیکل سائنسز (آئی سی سی بی ایس) کو جامعہ کراچی سے الگ کرنے کی مجوزہ کوشش پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پروفیسر لین، جو یونیورسٹی آف اسٹراسبرگ انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈی (USIAS) میں کیمسٹری آف کمپلیکس سسٹمز کے چیئر پر فائز ہیں، نے اپنے مراسلے میں لکھا ہے کہ وہ اور متعدد دیگر نوبیل انعام یافتہ سائنس دان جامعہ کراچی میں قائم آئی سی سی بی ایس کا دورہ کر چکے ہیں، جہاں انہیں ادارے کی اعلیٰ کارکردگی اور تحقیق کے معیار نے انتہائی متاثر کیا۔ ان کے مطابق یہ معیار پروفیسر عطاالرحمان (ایف آر ایس) کی نگرانی میں حاصل ہوا، جس کا ذکر ممتاز سائنس دانوں کے تاثرات میں بھی موجود ہے۔انہوں نے خط میں اس اقدام پر تشویش ظاہر کی کہ ادارے کو جامعہ کراچی سے الگ کرکے ایک نئے آزاد ادارے میں تبدیل کرنے کی تجویز دی جا رہی ہے، جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری تین رکنی سرچ کمیٹی کرے گی، جس کے دو ارکان ڈونرز اور ایک وزیراعلیٰ سندھ ہوں گے۔پروفیسر لین نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ ادارے کی موجودہ حیثیت کو برقرار رکھا جائے، کیونکہ ان کے مطابق آئی سی سی بی ایس نے جامعہ کراچی کا حصہ رہتے ہوئے نمایاں ترقی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر عطاالرحمان بطور سرپرستِ اعلیٰ ادارے کی پیش رفت کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی مسلسل نگرانی مستقبل میں بھی ادارے کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔خط کے اختتام پر پروفیسر ژاں-ماری لین نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اہم خبریں سے مزید