کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر ) پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے سپر اسٹار فواد خان کا کہنا ہے کہ پاکستان آئیڈل کا جج بننا خوب انجوائے کررہا ہوں۔بطور جج کام کرنے کا تجربہ بہت شاندار رہا۔ساری زندگی رومانس سے دور رہا، فلموں اور ڈراموں میں وہی میری پہچان بن گیا۔جنگ کو انٹرویو میں فواد خان نے کہا کہ غیر ضروری تنقید دل کو بری لگتی ہے۔مجھے لگتا ہے کہ میری سماعتیں بہت سریلی ہیں۔مجھے موسیقی کا بے انتہا شوق ہے اور میں نے بہت سارے سونگ کمپوز بھی کئے ہیں۔پاکستان آئیڈل میں میری نشست موسیقی کے دیوانوں کی ہے۔بالی وڈ اور لالی وڈ فلموں کے ہیرو فواد خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان آئیڈل کے تمام ججز اہم ہیں۔استاد راحت فتح علی، بلال مقصود اور زیب، میرا ان کے ساتھ بہت پیار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اداکار فواد خان کا کہنا تھا کہ ٹیلی ویژن اور فلم کی اسکرین، دونوں سے پیار ہے۔۔مولا جٹ کی غیر معمولی کامیابی کو آج بھی انجوائے کررہا ہوں۔ماہرہ خان کے ساتھ نئی فلم نیلوفر میں ایک مرتبہ پھر رومانس کرتا نظر آؤں گا۔ایک سوال کے جواب میں فواد خان نے بتایا کہ 60 اور 70 کی دہائی میں پاکستان فلم انڈسٹری اپنے عروج پر تھی۔ہم کوشش کررہے ہیں کہ وہ دور واپس آجائے۔