• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بونیر میں بدال چغرزئی گرڈ اسٹیشن منصوبے بارے اجلاس

پشاور(جنگ نیوز)بونیر میں 132کے وی بدال چغرزئی گرڈ اسٹیشن منصوبے کے حوالے سے صوبائی وزیر کی زیر صدارت اہم اجلاسخیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس بونیر میں صوبائی حلقہ پی کے 26کیلئے 132کے وی بدال چغرزئی گرڈ اسٹیشن کے نئے منصوبے کےحوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں اس منصوبے کے بروقت اور مؤثر عمل درآمد کے لیے درکار اقدامات اور ضروری انتظامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد قیصر کنڈی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف محمد اکرم شاہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر گرڈ سسٹم کنسٹرکشن پیسکو پشاور عمران، ایکسین پیسکو آپریشنز بونیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس اخلاق، واپڈا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بونیر میں برقی سہولیات کے مسائل کے پائدار حل کے لیے بدال چغرزئی گرڈ اسٹیشن کا منصوبہ گزشتہ سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے جس کا تخمینہ 300 ملین روپے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت کے مطابق اس منصوبے کے لیے اضافی فنڈ کی فراہمی کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بدال چغرزئی 132 کے وی گرڈ اسٹیشن کا پی سی ون آئندہ تین دنوں کے اندر تیار کرکے متعلقہ حکام کو ارسال کیا جائے تاکہ منصوبے پر بروقت عمل درآمد ممکن ہو۔صوبائی وزیر کی ہدایت پر پراجیکٹ ڈائریکٹر پیسکو گرڈ سسٹم اور واپڈا کے دیگر افسران نے بدال کے مقام کا دورہ بھی کیا اور گرڈ اسٹیشن کے قیام کے تمام تکنیکی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
پشاور سے مزید