پشاور (نیوز رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے افغان شوہر سے ملاقات کے لئے جانے والی پاکستانی خاتون کے بیرون ملک سفر پر پابندی ہٹانے کا حکم دیدیا ہے اور خاتون کو شوہر اور بچوں سے ملنے کی اجازت دے دی ہے ۔ گزشتہ روز رٹ پر سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس وقار احمد نے کی۔اس موقع پر درخواست گزار سید سکندر حیات شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ضلع کرم سے تعلق رکھنے والی خاتون لیزا منان نے افغانستان کے رہائشی میوند اکبری سے شادی کی ہےاب اس کا شوہر افغانستان میں بچوں سمیت رہائش پذیر ہے اور وہ اب اپنے بچوں اور شوہر سے ملنے افغانستان جانا چاہتی ہے تا ہم اسکا کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا گیا ہے، امیگریشن کے نمائندہ نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ خاتون کا نام ایف آئی اے کی سفارش پر لسٹ میں ڈالا گیا، جس پر جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دئیے کہ خاتون کا نام لسٹ میں کیوں ڈالا گیا ہے یہ تو خود اسلام اور بنیادی حقوق کے خلاف ہے، کیوں آپ ایک خاتون کو بچوں اور شوہر سے ملنے نہیں دے رہے۔ عدالت نے خاتون کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا اور خاتون کو شوہر سے ملنے کے لئے بیرونی سفر پا پابندی ہٹا دی۔