پشاور (جنگ نیوز) پیمان ٹرسٹ نے خیبر پختونخوا سینٹر آف ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کے اشتراک سے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1325 (خواتین، امن اور سلامتی) کی 25ویں سالگرہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں ایک اعلیٰ سطحی تقریب کے ساتھ منائی۔اس موقع پر اسپیکر اسمبلی بابر سلیم سواتی مہمان خصوصی تھے، جبکہ اراکینِ صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سرکاری حکام، ماہرینِ تعلیم، سول سوسائٹی کے نمائندے اور میڈیا کے افراد نے تقریب میں شرکت کی۔افتتاحی کلمات میں بشریٰ حیدر، ماہرِ امن تعلیم، نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ قرارداد 1325 پاکستان کے آئینی اصولوںانصاف، مساوات، وقار اور جامع ترقی سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ قرارداد ہمارے لئے اجنبی نہیں؛ یہ ہماری قومی مزاحمت اور پُرامن پاکستان کے مشترکہ عزم کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ آج کا اجتماع ریاستی اداروں اور خواتین رہنماؤں کے درمیان مضبوط شراکت کی علامت ہے، جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ خواتین ملک کے امن و سلامتی کے وژن کا مرکزی حصہ ہیں۔ڈاکٹر سمیرا شمس، چیئرپرسن خیبر پختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وویمن، نے قرارداد 1325 کا جامع جائزہ پیش کیا اور اس کے چار بنیادی ستونوںروک تھام، شرکت، تحفظ، اور امداد و بحالی اور تنازع سے متاثرہ علاقوں میں خواتین کی حقیقی زندگیوں سے ان کی مطابقت پر روشنی ڈالی۔ اختتامی خطاب میں اسپیکر بابر سلیم سواتی نے خواتین، امن اور سلامتی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے اسمبلی کے عزم کا اعادہ کیا۔