پشاور(اے پی پی):مردان پولیس فورس ، ریسکیو 1122، آر آرایف کمانڈو سکواڈ، ایلیٹ اور لیڈیز کمانڈو نے گرلز کیڈٹ کالج اور فضل حق کالج مردان میں مشترکہ فرضی مشقوں کا انعقاد کیا ۔قیادت ایس پی ہیڈکوارٹر رضوان حبیب نے کی۔ ترجمان مردان پولیس کے مطابق پولیس کے مختلف دستوں نے چاق و چوبند کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشقیں کیں۔ موک ایکسرسائز کا مقصد تمام محکمہ جات کو ہائی الرٹ رکھنا اور کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری ردعمل دینا ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے پولیس، ایلیٹ فورس، آرآر ایف،کیوآرایف، لیڈیز کمانڈو اور دیگر نفری کو موقع پر فوری پہنچنا ضروری ہے۔ایس پی ہیڈکوارٹر رضوان حبیب نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔