کراچی(اسٹاف رپورٹر)کیماڑی منوڑہ سے بھٹ شاہ جاتے ہوئے سمندر میں مسافر لانچ کے ساتھ اسپیڈ بوٹ ٹکرانے سے لانچ میں سوارنوجوان لڑکی و خاتون جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت 19افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق ڈاکس تھانہ کی حدود کیماڑی منوڑہ سے بابا بھٹ شاہ جاتے ہوئےسمندر میں کیماڑی گیٹ نمبر 1کے قریب مسافر لانچ اور پائلٹ اسپیڈ بوٹ کے مابین خوف ناک تصادم ہوگیا جس کے باعث لانچ میں سوار خواتین وبچوں سمیت متعدد افراد سمندر میں گر کر ڈوب گئے،حادثہ کی اطلاع پر فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچی اور مسافر لانچ سے گر کر سمندر میں ڈوبنے والے افراد کو بچانے کے لئے کوششیں شروع کردی گئیں،حادثہ کی اطلاع پر ضلع کیماڑی کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ ایوز بھاری نفری کے ہمراہ ریسکیو ٹیموں کی معاونٹ کے لئے موقع پرپہنچے اور جائے وقوعہ سے غیر متعلقہ افراد کو دور کرکے ریسکیو ایمبولنس کے لئے راستہ ہموار کیا ،پاک بحریہ ،کے پی ٹی اور ایدھی سمیت دیگر اداروں کی بحری ریسکیو عملہ کی مدد سے سمندر میں ڈوبنے والے افراد کو نکال کر فوری طور پر قریب میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا،ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ نے بتایا ہےکہ حادثہ میں نوجوان لڑکی اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ خواتین و بچوں سمیت 19افراد کی حالت غیر ہوگئی تھی دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،حفاظتی اقدامات کے لئے پولیس کی اضافی نفری موقع پر تعینات کردی گئی ہے،حادثہ کا شکار ہونے والی مسافر لانچ میں 25کے ققریب افراد سوار تھے جومختلف خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد تھے ،تمام لوگ تفریح کے لئے منوڑہ کے ساحل پر آئے تھے اور حادثہ کا شکا ہوگئے۔