• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین روزہ سندھ یوتھ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فیسٹول اختتام پذیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام سندھ یوتھ کلب گلستانِ جوہر میں جاری تین روزہ سندھ یوتھ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فیسٹول کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا، اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر کراچی سید حسن نقوی جبکہ سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر تھے، کمشنر کراچی نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور نوجوانوں سے معلومات حاصل کیں، فیسٹول میں 40 سے زائد سرکاری و نجی جامعات کے 70 سے زیادہ طلبہ نے اپنے سائنس، ٹیکنالوجی اور سماجی بھلائی سے متعلق منصوبے پیش کیے۔ نمائش میں ایک جدید اے آئی روبوٹ بھی سب کی توجہ کا مرکز رہا، جو اردو اور انگلش میں سوالات کے جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے،نوجوانوں نے بتایا کہ اس روبوٹ کی تیاری پر 7 سے 8 ماہ محنت کی گئی۔ ایونٹ میں نوجوانوں نے الیکٹرک سائیکل، کم لاگت گھر، اور ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے لیے مخصوص رہائشی ماڈلز بھی پیش کیے، لاڑکانہ کے طلبہ نے کم خرچ میں پاکستان کا پہلا سولر ونڈ ٹربائن بھی پیش کیا، جو بیک وقت ہوا اور سورج سے بجلی پیدا کرتا ہے، اس کی تیاری پر تقریباً 50 ہزار روپے لاگت آئی اور یہ ایک گھر کے بنیادی برقی آلات چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے، کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بہترین پروجیکٹس پیش کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے، ڈاؤ یونیورسٹی کے طلبہ نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے ایک لاکھ روپے نقد انعام حاصل کیا،جبکہ جامعہ ضیاء الدین کے طلبہ نے دوسری پوزیشن لے کر 75 ہزار اور ہمدرد یونیورسٹی کے طلبہ نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے 50 ہزار روپے نقد انعام وصول کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید