اسلام آباد(فاروق اقدس)پاکستان اور مصر کے درمیان سیاسی، دفاعی اور معاشی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔ اسحق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم دنیا میں مصر کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے، پاکستان دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے مصر کے ساتھ 250 کاروباری اداروں کی فہرست شیئر کریگا، مصر کے وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے کہا کہ پاکستان اپنا دوسرا گھر ، تعلقات کو تزویراتی سطح تک بلند کرنا چاہتے ہیں،چاہتے ہیں پاکستان غزہ کی تعمیرِ نو اور بحالی میں زیادہ بڑا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے اتوار کو اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔یاد رہے مصری وزیر اعظم بدر عبد العاطی جو 2 روزہ سرکاری دورے کے لیے گزشتہ رات اسلام آباد پہنچے، دورے کے دوران بدر عبد العاطی کئی اہم امور پر بات چیت کریں گے، جن میں غزہ اور سوڈان کے تنازعات، ایرانی جوہری پروگرام پر اختلافات، اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے طریقے شامل ہیں۔