کراچی (نیوز ڈیسک) طالبان کا وفد پاکستان سے مذاکرات کے لیے سعودی عرب روانہ، ریاض کی ثالثی میں پاکستان طالبان کشیدگی کم کرنیکی کوششیں تیز، انس حقانی، رحمت نجیب اور قہار بلخی وفد کا حصہ ہیں۔ دوحہ اور استنبول کے پچھلے مذاکرات بے نتیجہ رہے، پاکستان کا ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ مرکزی رکاوٹ، ذرائع کے مطابق طالبان کا ایک وفد پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچا ہے، جہاں دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔ طالبان کی وزارتِ خارجہ کے ایک ذریعے نے بتایا کہ وفد میں وہ کئی اراکین شامل ہیں جو اس سے پہلے استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں شریک ہو چکے ہیں، جن میں انس حقانی، طالبان کے نائب وزیرِ داخلہ رحمت اللہ نجیب، اور وزارتِ خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی شامل ہیں۔ ذرائع نے وفد کی مکمل فہرست اور مذاکرات کے عین وقت کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔