• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مین ہول میں گر کر بچہ جاں بحق، بلدیہ کراچی کونسل اجلاس میں کشیدگی

کراچی (طاہر عزیز۔۔۔اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب مین ہول میں گر کر بچے کےجاں بحق ہونے پر جماعت اسلامی سمیت اپوزیشن کا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اجلاس میں شدید احتجاج اور کشیدگی،میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپوزیشن کے شور شرابے اور نعرے بازی میں اجلاس کی کارروائی جاری رکھی اجلاس شروع ہوتے ہی سات قرادادوںکی منظوری اورپیپلز پارٹی ارکان کے خطاب کے بعد آدھے گھنٹے میں اجلاس ختم ہو گیا اجلاس کا آغاز ہوتے ہی اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نےپوائنٹ آف آرڈر پر بات کرناچاہی تاہم میئر نے کہا کہ آپ پہلے سے ہی احتجاج کے لئےپلے کارڈ تیار کرکے لائے ہوئے ہیں پہلے ایجنڈے پر بات ہو جائے اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے اور میئر ڈائس کے سامنے جمع ہوکر پلے کارڈ لہرا نے لگےجن پر ظالمو جواب دوموت کا حساب دو،قاتل قاتل واٹر کارپوریشن قاتل،میئر استعفیٰ دو جیسے نعرے تحریر تھے پیپلز پارٹی کےپارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ بچے کے جاں بحق ہونے پر ایک منٹ کی خاموشی اور فاتحہ خوانی کی جائے جس پر اظہار افسوس اور فاتحہ خوانی کی گئی اس دوران پیپلزپارٹی کے دیگر ارکان دل محمد،جمن دروان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے تنقید کی اور کہا کہ بشریٰ زیدی کے واقعہ پرجماعت اسلامی نے سیاست کی اور کراچی کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا اب ایسا نہیں ہو گا آدھے گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں جماعت اسلامی نے مسلسل احتجاج جاری رکھا ، سٹی کونسل نے جن قراردادوں کی منظوری دی گئی ان میں بولٹن مارکیٹ (تیسری منزل) اولڈ سٹی ایریا پر عمودی چارجڈ پارکنگ کے لئے محکمہ اسٹیٹ کے ایم سی اور زبیر ایسوسی ایٹس کے درمیان مشترکہ منصوبہ، پلاٹ نمبر D-19 کا خالی پلاٹ (4 ایکڑ پیمائشی)، بس ٹرمینل گلشن غازی، بلدیہ ٹاؤن(کچی آبادیز) پارکنگ مقاصد کے لئے کرائے پر دیا جانا اور کراچی کے مختلف کاروباری علاقوں کے اردگرد سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی بہتری / بحالی کے لئے فائل پر منسلک PC-I تخمینہ کی منظوری شامل تھی جبکہ اتفاق رائے سے منظور کی گئی پرائیویٹ قرارداد کے ذریعے کراچی کی سطح پر معذور افراد کی بحالی کے لئے دیرپا اور پائیدار اقدامات جیسے ماہانہ راشن کی فراہمی اور ان کی تعلیم اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے فنڈز کی فراہمی اور معذور افراد کو ہنر مند بنا کر روزی کمانے کے قابل بنانے کے لئے اداروں کے قیام کی منظوری دی گئی۔
اہم خبریں سے مزید