بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے صنفی بنیاد پر تنخواہوں کے فرق کو ایک ایسا مسئلہ قرار دیا ہے جو صرف بالی ووڈ تک محدود نہیں بلکہ مختلف شعبوں میں بھی خواتین کو درپیش ہے۔
مادھوری ڈکشٹ کا بالی ووڈ کے صفِ اول کے فنکاروں میں شمار ہوتا ہے۔
اُنہوں نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان، انیل کپور اور سنجے دت جیسے بڑے ستاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔
مادھوری ڈکشٹ کا کہنا ہے کہ منصفانہ معاوضے کےلیے اِن کی جدوجہد آج بھی جاری ہے اور خواتین کو ہر میدان میں خود کو ثابت کرنا پڑتا ہے۔
مادھوری ڈکشٹ کے مطابق کارپوریٹ دنیا سمیت ہر شعبے میں خواتین آج بھی تنخواہوں کے فرق کا سامنا کر رہی ہیں اور ایک متوازن نظام کی خواہش رکھتی ہیں۔
اُنہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ بات مرد اداکاروں سے زیادہ معاوضہ لینے کی نہیں بلکہ ایک ایسے نظام کی ہے جہاں خواتین کی محنت اور کردار کا مناسب انداز میں اعتراف کیا جائے اور اُن کی محنت کا اُنہیں مکمل حصہ دیا جائے۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں کئی بالی ووڈ اداکارائیں اس مسئلے پر کھل کر بات چکی ہیں۔
بعض اداکاراؤں نے سماجی روّیوں اور معاشرے میں موجود عام مردانہ برتری کو اس کی وجہ قرار دیا ہے۔