لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت روڈ میپ ٹیم کا اجلاس منعقد ہواجس میں ایمیونائزیشن مہم اور وزیر اعلی پنجاب ہیلتھ ریفارمز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں امیونائزیشن مہم کے لئے 90 روزہ روڈمیپ پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیونائزیشن مہم وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز ایجنڈے میں سرفہرست ہے، اس لئے اس میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ خواجہ عمران نذیر نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایمیونائزیشن مہم میں 100 فیصد کوریج ہر صورت یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں امیونائزیشن مہم کے ڈیٹا کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر نے ایمیونائزیشن کوریج کے اشارئیے بہتر ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ آئیندہ خسرہ مہم میں ہر بچے کو ویکسینیٹد ہونا چاہیے۔ خواجہ عمران نذیر نے اجلاس میں مختلف پروگرامز کے لئے ٹیکنیکل ورکنگ گروپس کی تشکیل پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔