کراچی (بابر علی اعوان)کم عمر بچوں کو اسمارٹ فون دینا خطرناک؟ نئی تحقیق نے والدین کے خدشات بڑھا دیئے،12 سال کی عمر تک اسمارٹ فون رکھنے والے بچوں میں ڈپریشن، موٹاپے اور ناکافی نیند کے امکانات نمایاں حد تک زیادہ ہوتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابقبچوں کو اسمارٹ فون دینے کی مناسب عمر کیا ہونی چاہئے؟ یہ سوال آج کے دور میں تقریباً ہر والدین کے ذہن میں موجود ہے۔ ایک طرف بچوں کی ضد اور خواہش جبکہ دوسری طرف ماہرین کی وہ تحقیقیں جو کم عمری میں اسمارٹ فون کے نقصان دہ اثرات سے خبردار کرتی ہیں۔ اب ایک نئی تحقیق نے والدین کو محتاط رہنے کی ایک اور ٹھوس وجہ فراہم کر دی ہے۔ امریکی جریدے “Pediatrics” میں شائع ہونے والی تازہ تحقیق کے مطابق 12 سال کی عمر تک اسمارٹ فون رکھنے والے بچوں میں ڈپریشن، موٹاپے اور ناکافی نیند کے امکانات نمایاں حد تک زیادہ ہوتے ہیں۔ تحقیق میں 10,500 سے زائد بچوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا جو Adolescent Brain Cognitive Development Study کا حصہ تھے جو امریکہ میں بچوں کی دماغی اور ذہنی نشوونما کا سب سے بڑا طویل مدتی مطالعہ ہے۔