کراچی ( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) قومی گیمز کی افتتاحی تقریب کیلئے نیشنل اسٹیڈیم گیمز انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا ، جہاں اس مناسبت سےسامان بھی اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگیا۔ چھ دسمبر کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں گیارہ ہزار سے زائد کھلاڑی، آفیشلز کے علاوہ دس ہزار کے لگ بھگ اسکولز کے طلباوطالبات بھی شریک ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گیمز کا افتتاح کریں گے، شائقین کی رجسٹریشن آن لائن شروع کردی گئی ہے۔ جیولن تھرو گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم 9 دسمبر کو ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ ادھر گیمز کیلئے سندھ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں واپڈا کی تائی کوانڈو کھلاڑیوں کو طلب کرنے پر کھلاڑیوں اور ان کے والدین نے اعتراض کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بلانےکا مقصد سندھ کی ٹیم میں واپڈا کے کھلاڑیوں کو شامل کرنا ہے۔ علاوہ ازیں نیٹ بال کے ایونٹ میں مردوں اور خواتین کے مقابلے 4 دسمبر سے پی ایس بی کوچنگ سینٹر کراچی میں شروع ہونگے ۔