اسلام آباد ( نیو زرپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سرمایہ داروں، جاگیرداروں، خاندانوں اور شخصیات پر مشتمل پارٹیوں اور مقتدرہ نے نظام کو نرغے میں لے رکھا ہے۔ صوبائی حکومتوں کے درمیان کرپشن اور عوام کو دبانے کا مقابلہ جاری ہے۔ عام آدمی کا استحصال کرنے والے نظام کو بدلنے کی جدوجہد شروع کردی۔ نوجوان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار حق اور سچ کے لیے آواز اٹھائیں، خدمت خلق جاری رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام رضاکاروں کے عالمی دن کے موقع پر یوتھ لیڈرشپ پروگرام سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سری لنکا اور صومالیہ کے سفرائ کے علاوہ زندگی کے اہم طبقات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے الخدمت کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، الخدمت کراچی کے صدر نوید علی بیگ، نائب صدر الخدمت پاکستان ائیر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک، شمالی پنجاب کے صدر رضوان احمد ، جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم ، حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد میں دس سال سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے جو عوامی حقوق پرڈاکہ ہے۔ پنجاب میں حال ہی میں متعارف کرایا جانے والا بلدیاتی قانون کالا قانون ہے۔