• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیمور جھگڑا کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق رٹ پر حکام سے جواب طلب

پشاور (نیوز رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے سے متعلق دائر رٹ پر متعلقہ حکام سے جواب مانگ لیا۔رٹ کی سماعت جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے علی گوہر درانی ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے بغیر کسی نوٹس کے تیمور سلیم جھگڑا کا نام ای سی ایل میں ڈالا ہے اور بیرونِ ملک روانگی کے دوران انہیں جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے قبل ازیں وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا تھا، تاہم تین سماعتیں گزر جانے کے باوجود حکومت نے جواب جمع نہیں کرایا۔ سماعت کے دوران جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے وفاقی حکومت کے طرزِ عمل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ایسے اقدامات سے عوام کا اداروں اور وفاقی حکومت پر اعتماد کمزور ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوگ قرض لے کر ویزہ بنواتے ہیں اور انہیں بھی بغیر نوٹس آف لوڈ کردیا جاتا ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ جسٹس اسداللہ کا کہنا تھا کہ عدالت اس معاملے پر تفصیلی حکم جاری کرے گی۔بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
پشاور سے مزید