اسلام آباد(صالح ظافر )جوں ہی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پانچ سال کے لیے پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) کے طور پر تقرری کا اعلان جمعرات کی شام یہاں کیا گیا، دنیا کے مختلف دارالحکومتوں سے مبارک باد کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔
اعلیٰ سفارتی ذرائع نے دی نیوز/جنگ کو جمعرات کی شب بتایا کہ خلیجی ممالک کے رہنماؤں نے سب سے پہلے فیلڈ مارشل کو تہنیتی پیغامات بھیجے۔
انہیں عالمی سطح پر ان کی فوجی قیادت اور مختلف خطوں کے اسٹریٹیجک معاملات کی گہری سمجھ کے باعث غیر معمولی احترام حاصل ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی سفارت کاری میں ایسی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے جس نے پاکستان کو متعدد معاشی چیلنجز سے نکلنے میں بے حد مدد دی۔
بحرین — جو سعودی عرب کا قریبی اتحادی ہے — پہلا ملک تھا جس نے نئے فوجی سربراہ کے لیے مبارک باد کا پیغام بھیجا۔
اسلام آباد میں تعینات سفارت کاروں نے تیزی سے یہ رپورٹ اپنے اپنے دارالحکومتوں کو ارسال کی۔
سمجھا جاتا ہے کہ وہ اس تقرری کی توقع پہلے ہی کر رہے تھے، کیونکہ گزشتہ ماہ آئین میں ستائیسویں ترمیم کی منظوری کے بعد اس عہدے کے لیے راستہ ہموار ہو گیا تھا۔
فیلڈ مارشل کا ہیروئک کردار اور وہ قائدانہ صلاحیتیں جن کی بدولت مئی کی جنگ میں پاکستان نے بھارت پر تاریخی فتح حاصل کی، ان کی اس بلندی پر فائز کیے جانے کو لازمی بنا رہی تھیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ زیادہ تر سفارت کار جو ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری کی جانب سے کرغیز صدر کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شریک تھے، انہوں نے دعوت کے دوران ہی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبانی طور پر مبارک باد دی۔
بعد ازاں، وہ اپنی رہائش گاہوں پر پہنچتے ہی یہ رپورٹ فوری طور پر اپنے دارالحکومتوں کو ارسال کر چکے تھے۔