کراچی( افضل ندیم ڈوگر)بھتہ کی شکایت واپس لینے کیلئے ایف آئی اے افسران کا کراچی کے بلڈر پر دباؤ۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کراچی کے کارپوریٹ کرائم سرکل کے افسران کے خلاف 2 کروڑ روپے بھتہ طلب کرنے کی ڈی جی ایف آئی اے کو شکایت کرنے والا مقامی بلڈر اب درخواست واپس لینے کیلئے انہیں افسران کے دباؤ کا شکار ہے۔ بلڈر فرحان جاوید نے اس نمائندے کو بتایا کہ ایف آئی اے کے افسران نے کچھ عرصہ قبل ان کے دفتر پر چھاپا مارا تھا۔ خلاف ضابطہ کوئی چیز برآمد نہ ہونے کے باوجود ان افسران نے معاملہ رفع دفع کرنے کے لئے 2 کروڑ روپے مانگے بعد میں وہ ڈیڑھ کروڑ روپے پر آگئے۔ جس پر انہوں نے ڈی جی ایف ائی اے کو تحریری شکایت بھیج دی۔ جس پر انکوائری جاری ہے۔ فرحان جاوید کے مطابق وہ کاروباری آدمی ہیں۔ اب وہ مزید کارروائی کے خواہاں نہیں مگر یہ افسران روزانہ ان کے دفتر آ کر بیٹھ جاتے ہیں۔ مختلف لوگوں سے فون کروا کر درخواست واپس لینے سفارشیں کرا رہے ہیں۔ فرحان کا کہنا ہے کہ ان کے دن کے تین سے چار گھنٹے ایسی فون کالز یا ملاقاتوں میں ضائع ہورہے ہیں۔ ایف ائی اے کے یہ افسران تحریری طور پر درخواست واپس لینے کا دباؤ ڈال رہے ہیں جو نہیں کریں گے۔ایف آئی اے کی خبر کا موقف اس سلسلے میں موقف جاننے کے لیے ایک متعلقہ افسر مسرور کو فون کیا مگر انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی. واٹس ایپ پر بھیجے گئے سوال کا جواب بھی نہیں دیا۔