• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلچرل فیسٹیول، فلسطینی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ”No Other Land“ کی اسکریننگ

کراچی (ذیشان صدیقی/اختر علی اختر) آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام ”ورلڈ کلچرل فیسٹیول 2025“ کے 37ویں روز اٹلی کے Goffredo Puccetti کی جانب سے ”گرافک ڈیزائن ۔پرفارمنگ آرٹس“ پر یزنٹیشن، تھیٹر ورکشاپ”Scalambra“ ، فلسطینی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ”No Other Land“ کی اسکریننگ، سری لنکن تھیٹر گروپ کی جانب سے ”Gathering Dust“ میں مختلف کہانیوں پر مبنی 4تھیٹرز اور ڈانس نائٹ 4.0 کا انعقاد کیاگیا۔ میڈیا پارٹنر جنگ جیو کے تعاون سے منعقدہ فیسٹیول کی فلمی نشست میں فلسطینی سفیرڈاکٹر ظہیر محمد حمد اللہ زید نے کہاکہ1948 ءسے فلسطین میں نسل کشی جاری ہے، تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی۔فلسطین عرب اور تمام مسلم امہ کا ہے، ”No Other Land“ میں فلسطینیوں کی جدوجہد کے بارے میں دکھایا گیا ہے، اس فلم میں صرف جدوجہد کی نہیں بلکہ تاریخ، ثقافت اور ایک قوم کی اپنی زمین کے لئے قربانیاں دکھائی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میرے والد فلسطین کی جدوجہد میں شامل تھے جب ہمارے پاس میڈیا اور پبلی کیشن نہیں تھے، میں جب پاکستان کے بارے میں بات کرتا ہوں جذباتی ہو جاتا ہوں، جب میری پاکستان میں تعیناتی ہوئی تو میں نے مشرقی وسطی کو بتایا کہ میں اپنے وطن میں ہوں، مجھے سیکیورٹی کی ضرورت نہیں، میں جب بھی بازار جاتا ہوں لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میرا تعلق عرب سے ہے یا عراق سے۔ میں انہیں بتاتا ہوں کہ میں فلسطین سے ہوں، سب کا رویہ بدل جاتا ہے، سب مجھے گلے لگاتے ہیں، ہم سے پیسے نہیں لیتے، اسپتال میں جائیں تو فلسطینی ہونے کے ناطے ہمیں فری علاج فراہم کیا جاتا ہے، ہم فلسطینی بھی پاکستانیوں سے ویسی ہی محبت اور عزت کرتے ہیں جیسی آپ ہم سے کرتے ہیں ، اللہ نے ہمیں پاک زمین کا حفاظت کرنے والا اور تمام مسلم امہ کی ریڑھ کی ہڈی بنا کر بھیجا ہے۔
اہم خبریں سے مزید