لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹرویز کے ریسٹ ایریاز کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں سے ٹول ٹیکس لینا اور اس کے باوجود معیاری سہولیات فراہم نہ کرنا قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ تمام موٹرویز پر بین الاقوامی معیار کے واش رومز، ریسٹ ایریاز اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ این ایچ اے پورے ملک میں ریسٹ ایریاز کے لیے یکساں معیار اپنائے اور اس سلسلے میں عالمی معیار کے حامل اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ شہریوں کو تمام موٹرویز اور ایکسپریس ویز پر وضو اور واش رومز کی بہترین سہولیات میسر ہونی چاہئیں جبکہ صفائی، خوبصورتی ، گرین بیلٹس اور سروس ایریاز کو بہتر بنانے کیلئے ہارٹیکلچرسٹ کی شمولیت یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ شجر کاری اور لینڈ اسکیپنگ بہتر طریقے سے ہو سکے۔