لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع کی ماہ فروری 2026کی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)نے ماہ فروری کے دوران پنجاب بھر میں 187,761ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 189,869 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیوسروسز فراہم کیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ کے دوران37,938روڈ ٹریفک حادثات میں 19,773افراد کے شدید زخمی اور 410افراد کے جاں بحق ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔وہ گزشتہ روز ماہانہ آپریشنل کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرز، ونگز کے سربراہان، صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرز اور پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے گزشتہ ماہ فروری کے دوران 187,761 ایمرجنسیز پر بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں، جن میں 125,152میڈیکل ایمرجنسیز، 37,938روڈ ٹریفک حادثات، 6,380پھسلنے/ گرنے کے واقعات،4,927گائنی کی ایمرجنسیز، 3,320جرائم کی ایمرجنسی کال، 2,085 آتشزدگی کے واقعات، 1,968 کام کی جگہوں پر چوٹ لگنے کے واقعات،1,121جانوروں کو ریسکیو کرنے کے واقعات، 563کرنٹ لگنے کے واقعات، 451 جھلسنے کے واقعات، 43ڈوبنے کے واقعات، 34 عمارتیں کے گرنے کے واقعات اور 3,779 متفرق ریسکیو ایمرجنسیزشامل ہیں۔