• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

"رمضان نگہبان کارڈ" مستحق خاندانوں کو امداد فراہمی کے عمل میں تیزی

لاہور (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیرِ قیادت ضلعی انتظامیہ لاہور نے وزیراعلیٰ پنجاب کے "رمضان نگہبان کارڈ" پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو ان کی دہلیز پر امداد فراہم کرنے کے عمل میں تیزی لاتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی براہِ راست نگرانی میں ضلعی انتظامیہ لاہور کی ٹیمیں پورے شہر میں متحرک ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک لاہور میں 89فیصد سے زائد کارڈز کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 70,590خاندانوں کو نگہبان کارڈز فراہم کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 56ہزار سے زائد مستحقین اس سہولت سے براہِ راست فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ گزشتہ روز کی کارروائی کے دوران ضلعی ٹیموں نے مزید 4,347کارڈز مستحقین کے گھروں تک پہنچائے۔ اس پروگرام کے ذریعے رجسٹرڈ خاندانوں کو 10ہزار روپے کیش یا اشیاء کی خریداری کی سہولت میسر ہے، جو مہنگائی کے دور میں غریب طبقے کے لیے ایک بڑی ریلیف ثابت ہو رہی ہے۔ڈی سی لاہور نے رمضان سہولت بازار وحدت کالونی کے تفصیلی دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو منڈی میں اشیاء کی دستیابی، رسد و طلب اور قیمتوں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور نے بازار میں اشیائے ضروریہ کے معیار کو خود چیک کیا اور واضح کیا کہ شہریوں کو بہترین اور معیاری اشیاء کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تمام اشیاء کے بہترین معیار کے ساتھ ساتھ عوام کو خصوصی سبسڈی بھی فراہم کی جا رہی ہے، جس کے تحت رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 850 روپے اور چینی 140 روپے میں وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ 
لاہور سے مزید