اسلام آباد ( رپورٹ حنیف خالد )نیب کی کارروائی کے نتیجے میں کمیونیٹی اور کمرشل پلاٹس، مارٹگیجڈ لینڈ کے بڑے اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے ، اربوں/ کھربوں روپے مالیتی رہائشی کمرشل زمین کی منتقلی، نیب سراغ لگا لیا ،سی ڈی اے اور آر ڈی اے کے تعاون سے ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف ایکشن کلین اپ کا آغاز کر دیا گیا۔ متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کمیونٹی پلاٹس کے اسکینڈل کے انکشافات ہفتہ رواں میں ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق نیب اسلام اباد/ راولپنڈی نے مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے ریگولیٹرز،سی ڈی اے اور آر ڈی اے کے ساتھ کیے گئے ایک اور بڑا فراڈ بے نقاب کرتے ہوئے ہاؤسنگ سیکٹر میں ایک اہم اصلاحاتی عمل شروع کر دیا ۔ اتوار کی شب نیب کے مستند ذرائع نے جنگ کو بتایا ک نیب کی جانچ پڑتال کے مطابق متعدد منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز نے قانون کے مطابق اپنے کمیونیٹی کمشل پلاٹس (پارک، اسکول، اسپتال وغیرہ) اور مارٹگیجڈ لینڈ ریگولیٹرز کے نام منتقل نہیں کیے۔ کئی سوسائٹیز نے تو صرف جزوی زمین منتقل کی جبکہ کچھ نے اس زمین پر غیر قانونی طور پر پلاٹ فائلیں تیار کرکے عوام کو فروخت کر دیں، جس سے شہریوں کو بھاری مالی نقصان کا خطرہ پیدا ہو گیا۔