اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت آج ہو گی۔ وکیل میاں داؤد کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بنچ کرے گا۔ ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کے حوالے سے اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اپنی رپورٹ کے ساتھ کراچی یونیورسٹی کی رپورٹ بھی منسلک کی ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری کبھی اپنی ڈگری کی تصدیق کیلئے نہیں آئے اور نہ کبھی ان کی ڈگری کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی یونیورسٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جج صاحب نے جب پہلی مرتبہ امتحان دیا تو اعتراض کے باعث ان پر تین سال کیلئے پابندی عائد کی گئی لیکن اگلے ہی سال انہوں نے نام تبدیل کر کے پھر امتحان میں حصہ لیا اور ڈگری لینے میں کامیاب ہو گئے۔