کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کی نئی قومی سلامتی حکمت عملی (این ایس ایس) نے یورپ میں سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی زوال کی نشاندہی کرتے ہوئے خبروں کی دنیا میں ہلچل مچادی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط شدہ اس دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یورپ چند دہائیوں سے زوال کی وجہ سے ’’تمدنی صفحۂ ہستی سے مٹنے‘‘ کے قریب ہے اور اس کے ’’سینسرشپ‘‘ اور ’’وسیع ہجرت‘‘ کے عمل سے 20؍ برسوں میں یورپ ناقابل شناخت براعظم بن جائے گا۔ رپورٹ نے یورپی یونین اور امریکا کے تعلقات میں خلیج کو نمایاں کیا ہے، جس سے دوسری جنگ عظیم کے بعد سے عالمی سیاست کو تشکیل دینے والے اس اتحاد کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ رپورٹ میں روس کے بارے میں کسی خطرے کا ذکر نہیں کیا گیا جبکہ یوکرین میں امریکا کی کوششوں کی راہ میں یورپی یونین کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنے پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ اس صورتحال سے یورپ میں تقسیم مزید بڑھ گئی ہے۔ یورپی رہنماؤں نے اس رپورٹ پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔