اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) ایف بی آر نےٹیلی کام سروس پرووائیڈرز کی جانب سے غلطی سے جاری کیے گئے ٹیکس گوشوارے کےپیغام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایف بی آر پیغامات جاری کرنے کے معاملےکی تحقیقات کر رہا ہے، ستمبر میں ایف بی آر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو آخری تاریخ سے قبل انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی یاددہانی کیلئے خصوصی ٹیکسٹ پیغامات بھیجتا ہے، اسی سلسلے کے تحت اس سال بھی ایف بی آر نے 15 ستمبر کو پی ٹی اے سے درخواست کی کہ وہ ٹیکس دہندگان کو30 ستمبر کی آخری تاریخ سے قبل گوشوارے جمع کرانے کے لیے پیغامات ارسال کرے، یہ تمام پیغامات آخری تاریخ سے پہلے بھیج دئیے گئے تھےتاہم ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کی طرف سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ مختلف ٹیلی کام سروس پرووائیڈرز کی جانب سے انہیں ایسے میسج موصول ہوئے جن میں ٹیکس سال 2025 کے انکم ٹیکس ریٹرن کو30 ستمبر 2025کی ٓآخری تاریخ سے پہلے جمع کرانے کا کہا گیا جو کہ پہلے ہی گزر چکی ہے۔