اسلام آباد(اسرار خان اور خالد مصطفیٰ) وفاقی وزیر توانائی اويس احمد لغاری نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے پاور سیکٹر کی پائیدار اصلاحات، سرکلر ڈیٹ میں کمی، اور صنعتی ترقی کے لیے مالیاتی معاونت کے حصول میں بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے امریکہ سے درخواست کی کہ وہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر امریکی اثرورسوخ رکھنے والے مالیاتی اداروں کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں اصلاحات اور استعداد کار بڑھانے کے لیے متحرک کرے۔انہوں نے ٹرانسمیشن سیکٹر اور ڈسکوز کی نجکاری میں امریکی سرمایہ کاروں کی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور انہیں منڈی پر مبنی بجلی نظام میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں امریکی سفیر نیٹلی بیکر اورامریکی کمپنیوں کے حکام سے سے ملاقات میں کیا، ان ملاقاتوں میں توانائی شعبے کی موجودہ صورت حال، آئندہ کے اصلاحاتی اقدامات اور امریکی سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔اويس لغاری نے کہا کہ عالمی تعاون کے بغیر توانائی کے شعبے میں گہرے نظامی مسائل کا حل ممکن نہیں۔