اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) شوگر ملزمالکان کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو کم قیمت دینے کا معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا، گنے کی قیمتوں میں عدم توازن پر ارکان سیخ پا ہوگئے ،حکومتی ارکان شوگر ملز مالکان کے خلاف پھٹ پڑے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر نے بتایا کہ شعبہ ڈی ریگولیٹ کردیاگیا، گنے کا ریٹ وفاقی حکومت کے دائرہ کار سے باہر، یہ صو بائی معاملہ ہے،مسلم لیگ ن کے رانا حیات خان اوررشید اکبرنےکہاکہ شوگر ملز ما لکان کسانوں کو لوٹ رہے ہیں،چینی دو سو رپے کلوبیچ رہے ہیں اور گنا چار سو روپے من خرید رہے ہیں۔ شوگر ملز مالکان کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے گنے کے کاشتکار ذلیل و خوار ہو گئے ہیں۔مسلم لیگ ن کے رشید اکبر خان نے کہا کہ شوگر ملز والے سستا گنا خرید رہے ہیں ، حکومت مداخلت کرے ،ہم اپنے علاقوں میں بھی نہیں جا سکتے، کاشتکاروں نے گھروں کا گھیراؤ کر رکھا ہے،رسول بخش چانڈیو نے کہا کہ گنے کا ریٹ 600روپےہونا چا ہئے ، اکم از کم پانچ سوروپے تو دلوائیں۔