کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر اعظم مشیر برائے سیاسی اُمور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کسی کو مذاکرات کی اجازت نہیں دی۔ جو انجام ایم کیو ایم لندن بانی ایم کیو ایم کے ساتھ ہوا یہ بڑی تیزی سے اس جانب بڑھ رہے ہیں، پاکستان نے چلنا ہے تو پھر یہ لوگ نہیں چل سکتے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کےساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کر رہے تھے۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ ہر ملاقات کے بعد اگر وہی کچھ ہونا ہے جو پہلے ہوتا رہا یا آخری ملاقات کے بعد ہوا اگر یہی سب کچھ ہونا ہے تو ہم اس کی اجازت نہیں دیتے۔ وزیراعطم نے دو بار پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی سیاسی درجہ حرارت اس وقت بھی نیچے آسکتا تھا جب وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرتے۔ عمران خان کی طرف سے کبھی بھی مذاکرات کی بات نہیں ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنی پارٹی میں سے کسی کو مذاکرات کی اجازت نہیں دی۔ بانی پی ٹی آئی وزیراعظم کی پیشکش قبول کرتے تو درجہ حرارت نیچے آجاتا۔ اس وقت پی ٹی آئی میں ستر سے اَسی فیصد لوگ موجود طریقے سے مطمئن نہیں، پی ٹی آئی کی اکثریت اس پاگل پن کا حصہ نہیں بنے گی اڈیالہ پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی پاکستان میں فرق جلد واضح ہوجائے گا۔ بانی کی شخصیت پرستی کرنے والے وہی بات کر رہے ہیں جو بھارت کرتا ہے۔