اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب کو مکمل ادارہ جاتی آزادی حاصل ہے کہ شفافیت سے اپنا کام جاری رکھ سکے کیونکہ وفاقی حکومت نیب کے ذریعے سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی جبکہ چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ ریاستی اداروں کے ساتھ باہمی اور موثر تعاون سے نیب نے 2025 میں 5اعشاریہ ایک ٹریلین روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کی غیر معمولی وصولیاں ممکن بنائیں، منگل کووزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں عالمی انسداد بدعنوانی کے حوالے سے تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (NAB) کی مالی بد عنوانی کے خاتمے کے لیے کاوشیں اور غیر معمولی کامیاب کارروائیوں کے لیے لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد اور تمام ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے،پاکستان انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر اس عزم کی تجدید کرتا ہے کے مالیاتی بدعنوانی کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کو مزید منظم انداز میں جاری رکھے گا،مالی بدعنوانی سے پاک معاشرہ ہی ملکی ترقی، خوشحالی اور معیشت کی مضبوطی اور عوامی اعتماد کو یقینی بناتا ہے، تمام حکومتی منصوبوں اور اقدامات میں مالی، انتظامی اور ادارہ جاتی شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس ضمن میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور تمام متعلقہ ادارے بھرپور طریقے سے اور بڑی تندہی سے کارروائی کر رہے ہیں تاکہ ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔ تقریب سے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے بھی خطاب کیا اور نیب کی حالیہ چند سالوں اور بالخصوص اس سال میں کارکردگی پر وزیراعظم اور حاضرین کو بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ 2022 کے بعد سے قومی احتساب بیورو میں اصلاحاتی اقدامات ہنگامی بنیادوں پر اٹھائے گئے ہیں جس سے قومی احتساب بیورو کی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری دیکھی جا سکتی ہے۔