کراچی (رفیق مانگٹ)ایک صدی پہلے 1926ء میں ٹیکنالوجی اور ثقافتی تبدیلیوں کے دور میں کی گئی حیران کن پیش گوئیاں آج 2026ء کے قریب آ کر دوبارہ توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ دی نیو یارک ٹائمز کے آرکائیو کے مطابق اُس زمانے کی بہت سی باتیں آج ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہیں جبکہ کچھ اب بھی محض خواب ہیں۔1926ء میں دنیا ریڈیو سننے اور ہوائی جہاز کے نئے نئے تجربوں میں گھری ہوئی تھی۔لندن کے ایک ایڈیٹر نے کہا تھا کینیڈا بالآخر امریکا میں ضم ہو جائے گا۔سو سال گزر گئے، کینیڈا ابھی اپنی جگہ پر قائم ہے۔کئی نقادوں نے جاز موسیقی کو مرتا ہوا قرار دے دیا تھا۔ عین اسی سال جان کولٹرین اور مائلز ڈیوس پیدا ہوئے جنہوں نے جاز کو امر کر دیا۔ایم آئی ٹی کے ایک سائنسدان نے خبردار کیا کہ اگلی صدی میں غذائی قلت ہو گی‘رینڈیئر اور شمالی ہرن کھانے پڑیں گے۔ ہم نے بہتر زراعت اور فریج ایجاد کر لیے، ہرن بچ گئے۔جنرل الیکٹرک کے انجینئر نے کہا تھا کہ جلد ہی ہم ٹیلی ویژن دیکھیں گے اور فون کرتے ہوئے ایک دوسرے کا چہرہ بھی دیکھ سکیں گے۔