اسلام آباد (نیوز رپورٹر، فاروق اقدس) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ جادوٹونے سے نہیں ملک محنت سے ترقی کریگا، عسکری و سیاسی قیادت نے ملکر کام کیا اور ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑی معیشت دوبارہ پٹری پر آئی ، افواج کی قربانیوں کا مذاق اڑائیں گے تو کون پاکستان کی عزت کریگا، دہشت گردی اور معاشی ترقی کی کاوشیں ساتھ نہیں چل سکتیں،بلوچستان و خیبرپختونخوا میں روزانہ بیگناہ عوام فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں،علماء کرام کو تفرقہ بازی کا خاتمہ کرنا ہو گا،ملکی ترقی اور استحکام کیلئے اتحاد و یکجہتی ناگزیر ہے، اسکے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےکہا ہےکہ دہشت گردی پاکستان کا نہیں بھارت کا وتیرا ہے، ہم دشمن کو چھپ کے نہیں للکار کر مارتے ہیں، ریاستِ طیبہ اور ریاست پاکستان کا آپس میں ایک گہرا تعلق ہے، اللہ نے تمام مسلم ممالک میں سے محافظین حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا، سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ تاریخی ہے، اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم نہیں دے سکتا، جس قوم نے علم و قلم چھوڑا وہاں انتشار اور فساد نے جنم لیا۔ وہ بدھ کو یہاں قومی علماء کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سمیت وفاقی وزراء ، اعلیٰ سرکاری حکام سمیت علماء و مشائخ کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے ، اللّٰہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم اور علماء کرام و قوم کی دعاؤں کی بدولت معرکہ حق میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی، مسلح افواج کی جرأت اور بہادری سے دشمن کو عبرتناک شکست ہوئی، چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے جرأت و بہادری سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اس کامیابی میں بری، بحری و فضائیہ سمیت تمام افواج کا کردار قابل ستائش ہے۔ وزیراعظم نے فرقہ پرستی کے خاتمہ کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ علماء کرام کو تفرقہ بازی کا خاتمہ کرنا ہو گا، اس کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔