کراچی (اسٹاف رپورٹر) پرو لیگ ہاکی میں پاکستانی ٹیم کا ڈیبیو مایوس کن رہا۔ اسے ارجنٹائن کے گرائونڈ پر ہالینڈ کے ہاتھوں 5- 2سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ، حنان شاہد نے پاکستان کو نویں منٹ گیند کو گول میں پہنچا کر برتری دلائی، لیکن تین منٹ بعد ہی کوئن بیجن نے مقابلہ برابر کردیا۔ دوسرے کوارٹر میں پاکستان کیلئے سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر گول داغا جواب میں ہالینڈ کی جانب سے ٹیمو بورس نے دو جبکہ تجمین راینگا اور ڈوکو ٹیلیجن کمپ نے ایک ایک گول بناکر اسکور 5-2 کردیا ۔ کھیل کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے تجمین راینگا نے کہا کہ معلوم نہیں تھا کہ پاکستان کیسا کھیلے گا مگر ہم نے اچھی طرح حالات کو سمجھا اور تین پوائنٹس حاصل کئے۔ پاکستان ہاکی ٹیم اب اپنا اگلا میچ 12 دسمبر کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گی۔