اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) معلوم ہوا ہے کہ بلوچستان میں واقع ڈاکخانوں میں نان کسٹم پیڈ اشیا کی بکنگ کا مسئلہ پھر سر اٹھانے لگا ،ذرا ئع کے مطا بق پاکستان پوسٹ ہیڈکوارٹر نے ملک بھر کے سرکل سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ تمام کاونٹر اسٹاف اندرون و بیرون ملک پارسل بک کرنے سے پہلے اس میں موجود اشیاء اچھی طرح چیک کریں تا کہ ممنوعہ یا نان کسٹم پیڈ اشیا کی ترسیل نہ ہو سکے۔حکامات میں واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی پارسل یا سامان کی ضبطگی کی ذمہ داری متعلقہ سرکل، یونٹ اور ڈاکخانے پر ہو گی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اپریشنز کی جانب سے تمام پوسٹ ماسٹر جنرلز کو بھیجے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بار بار ہدایات کے باجود بعض پوسٹ آفس بالخصوص بلوچستان سرکل کے ڈاکخانوں میں نان کسٹم پیڈ آئٹمز کی بکنگ کی جا رہی ہے،کسٹم کی طرف سے متعدد پارسلز کو تحویل میں لینے اور روکنے کے واقعات کا پاکستان پوسٹ حکام نے نوٹس لے لیا ۔ امسال جولائی میں حب میں بھی پولیس چھاپے میں ڈاک اہلکاروں کی گرفتاری عمل میں آئی تھی تاہم پولیس عملے کو غیر قانونی اقدام پر معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔