اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ملک کی بڑی آئل ریفائنریوں نے حکومت کو سخت انتباہ جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے اس بات کو اُجاگر کیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ایندھن کی شدید حد تک کم خریداریاں ایک بڑھتے ہوئے آپریشنل بحران کو جنم دے رہی ہیں۔ 10 دسمبر 2025 کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین مسرور خان کو لکھے گئے ایک مشترکہ خط میں، اٹک ریفائنری لمیٹڈ (اے آر ایل)، پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو)، سینرجیکو پی کے لمیٹڈ (سی پی ایل)، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ (این آر ایل)، اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) کے چیف ایگزیکٹوز نے کہا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی خریداری میں سست روی نے پوری ریفائننگ صنعت پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔