• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان سے دہشت گردی کا نیا خطرہ،عالمی برادری طالبان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگیوں کیلئے زور ڈالے، وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا نیا خطرہ افغانستان سے اٹھ رہا ہے، عالمی برادری طالبان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے زور ڈالے، موسمیاتی تبدیلی، غربت اور عدم مساوات دنیا کے بڑے چیلنجز ہیں، جدید ٹیکنالوجی تک سب کیلئے منصفانہ اور بلا امتیاز رسائی ناگزیر ہے، سماجی و اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پاکستان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے ترقی پذیر ممالک کو مشکلات کا سامنا ہے، پاکستان عالمی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، عالمی برادری افغان طالبان رجیم پر زور دے کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گرد کارروائیاں بند کرائے، پاکستان غزہ میں مستقل جنگ بندی کیلئے قطر، ترکیہ ، سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات اور ایران کی پرخلوص کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے، پاکستان فلسطینی عوام اور بہادرکشمیریوں کے بنیادی حق خوارادیت کیلئے کی جانےوالی کوششوں کی حمایت کرتا رہیگا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اشک اآباد میں بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد ، عالمی دن برائے غیر جانبداری اور ترکمانستان کی تیس سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی عالمی فورم کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب ایردوان، ایرانی صدر مسعود پزشکیان، تاجکستان کے صدر امام علی رحمن اور کرغزستان کےصدر صادر ژپاروف سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں، وزیراعظم نےترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی پالیسی کی علامت ’’یادگار غیر جانبداری‘‘ کا بھی دورہ کیا۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترکمانستان کی قیادت کو مستقل غیر جانبداری کے 30 سال مکمل ہونے اور 2025کو اقوام متحدہ کی طرف سے امن و اعتمادکا سال قرار دینے کی کامیاب کاوش پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اہم خبریں سے مزید