• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر ہائی وے، کار ٹرک سے ٹکرا گئی، میاں بیوی اور بیٹا ہلاک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم نائن موٹر وے پرتیز رفتار کار کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور بیٹا موقع پر ہلاک جبکہ ایک بیٹا زخمی ہو گیا۔ حادثے کا شکار افراد تھرپارکر کے رہائشی ہیں اور شادی میں شرکت کے لئے کراچی کے علاقے بہادرآباد آ رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی تھانے کی حدود سپر ہائی وے ایم نائن موٹر وے پر ناگوری کانٹا کے قریب تیز رفتار کار ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خاتون سمیت 3 افراد موقع پر ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ حادثے کی اطلاع پر موٹر وے پولیس اور ریسکیو 1122 کی ہائی وے سیٹلائٹ اسٹیشن کی ٹیم ریسکیو وہیکل اور ایمبولینس کے ہمراہ موقع پر پہنچی اور حادثے میں ہلاک اور زخمی افراد کو گاڑی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد میں میاں بیوی اور بیٹا شامل ہیں جبکہ ایک بیٹا زخمی ہوا ۔ حادثے میں ہلاک افراد کی شناخت 55 سالہ اشکوک ولد گن شام ، 50 سالہ سیتا زوجہ اشکوک اور 22 سالہ ساحل ولد اشکوک جبکہ زخمی بیٹے کی شناخت سنجے ولد اشکوک کے نام سے ہوئی۔ موٹر وے پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتار گاڑی ٹرک سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ حادثہ گاڑی کے ڈرائیور کو نیند آجانے کے باعث پیش آیا۔پولیس کے مطابق حادثہ حیدر آباد سے کراچی آنے والے روڈ پر پیش آیا۔پولیس کے مطابق گاڑی ڈرائیو کرنے والا بیٹا حادثے میں زخمی ہوا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار افراد تھرپارکر کے رہائشی ہیں اورشادی میں شرکت کے لئے کراچی کے علاقے بہادرآباد آ رہےتھے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید