کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسویسی ایشن نے حکومت کی جانب سے دیئے گئے حالیہ ڈیلرزمارجن کو مسترد کرتے ہوئے اسے 8 فیصد کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ یہ مطالبہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عبدالسمیع خان نے جمعہ کو ملک خدابخش ودیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے 8 فیصد مارجن مانگا تھا کیونکہ اس کے بغیر کام کرنا ممکن نہیں ۔ انہوں نے مجوزہ شرح پر مارجن لانے کے لیے حکومت کو 10روز کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے ڈیلر مارجن 8 فیصد نہ کیا تو 10روز بعد ایسوسی کا اجلاس طلب کرکے ملک گیر سطح پر پمپس بند کردیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیلرز کی کور کمیٹی کا اجلاس کے بعد حتمی فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔ سمیع خان نے بتایا کہ فی الوقت پیٹرولئیم ڈیلرز کا مارجن 3.12 فیصد ہے لہذا حکومت ہمیں یہ مارجن 8 فیصد بڑھانے کی تحریری یقین دہانی کرائے اور اس ضمن میں حکومتاگر چاہے تو 8 فیصد قسطوں میں بڑھا کر دیدے۔ ایک سوال کے جواب میں ملک خدابخش نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈیلرز حکومتی ڈیجٹلائزیشن پلان کے حق میں ہیں کیونکہ ڈیجٹلائزیشن سے اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی حوصلہ شکنی ہوگی۔