کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جمعے کو ابراہیم حیدری کورنگی میں واٹر ٹینکر کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے 10 سالہ معصوم بچے فرحان کی نماز جنازہ پڑھائی ۔قبل ازیں بچے کے والد نور محمد واہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی اور بچے کی المناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، بے لگام ٹینکرزاور ڈمپرز کے حادثات کےخلاف آج نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنے کا اعلان بھی کردیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں ٹینکر ز اور ڈمپرز کے باعث آئے دن حادثات پیش آرہے ہیں اور لوگ اپنے پیاروں کے جنازے اُٹھانے پر مجبور ہیں۔ جماعت اسلامی نے خونی ٹینکرز و ڈمپر اور ہیوی ٹریفک کے باعث شہریوں کی بڑھتی اموات اور ای چالان کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکے کے خلاف ہفتہ 13دسمبر کو شام 5 بجے نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ دھرنے میں بے لگام ٹینکر و ڈمپر مافیا، حکومتی بے حسی، تباہ حال انفراسٹرکچر اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی پامالی کے خلاف احتجاج ہوگا۔