• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے لگام ہیوی ٹریفک یا موت کے فرشتے، کورنگی میں واٹر ٹینکر نے بچہ کچل دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بے لگام ہیوی ٹریفک یا موت کے فرشتے، کورنگی میں واٹر ٹینکر کی زد میں آ کر 12 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا، سو کوارٹرز بنگالی پاڑے کا رہائشی مدرسے کا طالبعلم 12 سالہ فرحان ولد نور محمدکرائےکی سائیکل واپس کرنے جارہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی سو کوارٹر بنگالی پاڑا کے مرکزی بازار کے قریب واٹر ٹینکر کی زد میں آکر ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچے کی شناخت 12 سالہ فرحان ولد نور محمدکے نام سے ہوئی۔ حادثے کے بعد شہریوں نے واٹر ٹینکر کا گھیراؤ کرلیا ۔حادثے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی۔ متوفی بچہ 100 کوارٹرز بنگالی پاڑا کا رہائشی اور مدرسے کا طالبعلم تھا۔متوفی 8 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا ۔وہ محلے کے بچوں کے ساتھ گھر کے قریب گراؤنڈ میں کھیل رہا تھا۔ متوفی بچے کے دوست کے مطابق متوفی فرحان نے کرایہ پرسائیکل حاصل کی ہوئی تھی اور وہ گراؤنڈ میں سائیکل چلا رہا تھا۔سائیکل واپس کرنے کا وقت ختم ہونے پر متوفی سائیکل دکاندار کو واپس کرنے جا رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے فرحان کو ٹکر ماری جس سے وہ گر گیا ،اس دوران وہاں سے گذرنے والے واٹر ٹینکر کے پچھلے ٹاروں کے نیچے آ کر وہ جاں ہو گیا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ روڈ پر تجاوزات کی وجہ سے سڑک تنگ ہوگئی ہے تاہم تجاوزات کا خاتمہ کرنے والا کوئی نہیں ہے۔پولیس کے مطابق حادثے کے بعد موقع پر موجود شہریوں کی جانب سے واٹر ٹینکرکو جلانے کی کوشش کی جا رہی تھی تاہم پولیس بروقت موقع پر پہنچی اور فرار ہونے کی کوشش کرنے والے واٹر ٹینکر ڈرائیور نور حسین شاہ ولد اقبال سید کو حراست میں لے لیا۔دوسری جانب واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کا وڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے۔ڈرائیور نور حسن شاہ کے مطابق بچہ سائیکل پرتھا اور بچہ واٹر ٹینکر سے نہیں ٹکرایا۔ڈرائیور کے مطابق بچہ سائیکل سےگرنے کے بعد واٹر ٹینکر کے پچھلے ٹائر کے نیچے آیا۔

اہم خبریں سے مزید