• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا سرکردہ بلاک چین و ڈیجیٹل اثاثہ جات ٹیکنالوجی کمپنی ’’بائنانس‘‘ سے معاہدہ

اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) ملک کی کیپیٹل مارکیٹ کو مضبوط بنانے اور عالمی سرمایہ کاروں تک بہتر رسائی کے لیے جدید مالیاتی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے ضمن میں وزارت خزانہ نے جمعہ کو دنیا کی سرکردہ بلاک چین و ڈیجیٹل اثاثہ جات ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ایک بنانس انویسٹمنٹ لمیٹڈکے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے۔مفاہمت کی دستاویز پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اوربنانس انویسٹمنٹ لمیٹڈکے شریک چیف ایگزیکٹوآفیسر رچرڈ ٹینگ نے دستخط کیے‘مفاہمتی دستاویزمیں تجویز کردہ انتظام کے تحت بنانس کارپوریشن یا اس کی متعلقہ کمپنیاں پاکستان کو جدید، قانونی تقاضوں سے ہم آہنگ بلاک چین انفراسٹرکچر کے جائزے کے لیے تکنیکی مہارت، مشاورتی معاونت، تربیت اور استعداد کار میں اضافہ کیلئے اقدامات کرسکتی ہے‘ قابل اطلاق قوانین‘ پالیسیوں اور ریگولیٹری منظوری کی صورت میں اس اقدام کے تحت 2 ارب امریکی ڈالر تک کے اثاثوں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے‘اس موقع پر وزیرخزانہ سینیٹر محمداورنگزیب کاکہناتھاکہ اب ہمارے لیے اگلا قدم عملدرآمد کا ہے اور ہم پوری رفتار اور معیار کے ساتھ نتائج دینے کے لیے پرعزم ہیںجبکہ چیف ایگزیکٹوآفیسر چانگ پینگ زائو نے مفاہمت کی دستاویز کو پاکستان کے مستقبل کے لیے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ یہ تعاون معیشت کے لیے مثبت اور پائیدار نتائج فراہم کرے گا۔مفاہمتی دستاویز پاکستان کے حقیقی اور خودمختار اثاثوں جن میں حکومتی بانڈز، ٹریژری بلز، کموڈٹی ریزروز اور دیگر وفاقی ملکیتی اثاثے شامل ہیں، کی ٹوکنائزیشن اور بلاک چین پر مبنی تقسیم کے سلسلے میں ممکنہ تعاون کے فریم ورک کی بنیادہے‘ اس تعاون کا مقصد پاکستان کے ریگولیٹری فریم ورک اور خودمختاری کا مکمل احترام کرتے ہوئے مقصد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی وسیع تر شرکت کو ممکن بنانے کیلئے محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل پلیٹ فارم تلاش کرنا ہے۔

اہم خبریں سے مزید