اسلا م آباد ( نیوز ر پورٹر) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک معاشی بحران سے نکل چکا ہے، تعلیم ،زراعت ،صنعت ،صحت،سوشل سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں ، معاشی اشاریے بہت بہترہو چکے ہیں ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور ملک میں سرمایہ کاری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ادارہ جاتی اصلاحات سے گڈگورننس میں اضافہ ہو گا، نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں،فنی ٹریننگ دیکر برسر روزگار کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نیشنل ریگولیٹری ریفارمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ،معاون خصوصی ہارون اختر،برطانوی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی دی رائیٹ آنر ایبل بیرونیس چیپمین ،اراکین پارلیمنٹ، کاروباری شخصیات و دیگر بھی موجود تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ کاروباری طبقے اور عوام کی جانب سے ان اصلاحات کا مطالبہ گزشتہ کئی دہائیوں سے تھا،سرمایہ کار ، صنعت کار تاجر برادری پیچیدہ قوانین غیر ضروری ضوابط اور طویل طریقہ کار سے پریشان تھے، ریگولیٹری فریم ورک کا اجرا کوانٹم جمپ کی حیثیت رکھتا ہے،ان اصلاحات سے کاروباری برادری اور عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونگے،میں معاون خصوصی ہارون اختر اور انکی پوری ٹیم کو ان شاندار اصلاحات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج الحمدللہ پاکستان معاشی بحران سے نکل چکا ہے،پشاور سے لے کر کراچی تک معاشی سرگرمیاں جاری ہیں،غیر ملکی ادارے بھی ہماری مثبت پالیسوں کے معترف ہیں۔