اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) ٹرانسپورٹرز کی ملک کے طول وعرض میں پہیہ جام ہڑتال کے اعلان سے صنعتی سپلائی چین کو مفلوج ہوجائے گی اورصنعتوں کو اربوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے،پی اے ایل ایس پی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ موٹر وہیکل آرڈیننس پر نظرثانی کی جائے اور ٹرانسپوٹرز کے ساتھ مشاورت کے ساتھ قابل عمل حل نکالاجائے تاکہ ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کے تعطل کا خطرہ ٹل سکے ، ناکامی کی صورت میں صنعتی شعبے پر غیر ضروری بوجھ میں اضافہ ہوگا جو پہلے ہی مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔تفصیلات کے مطا بق گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے 19دسمبر کو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کے اعلان سےسریا، سٹیل سمیت صنعتی مصنوعات اور خام مال کی ترسیل رک جائے گی ،جس سے پہلے سے تباہی کا شکار صنعت مزید مشکلات کا شکارہوگی ، پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج سٹیل پروڈیوسرز نے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پہیہ جام ہڑتال اور احتجاج پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہےکیونکہ اس سے صنعتی پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہونگے اور معاشی سرگرمیاں رک جائیں گے ، ٹرانسپوٹرز نے8دسمبر کو موٹر وہیکل آرڈیننس کےاجرا کے بعد ہڑتال کی کال دی تھی جو کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد عارضی طور پر رک گئی تھی اور تنائو میں کمی آئی تھی جبکہ اب دوبارہ آل پاکستان ٹرانسپورٹ فیڈریشن اور الائیڈگڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے 19دسمبر کو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیاہے اور جب تک متنازع شقیں واپس نہیں لی جاتیں ہڑتال جاری رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔