• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن اتحاد کا سیاسی رہنماؤں سے رابطہ، قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد (ممتاز علوی) اپوزیشن اتحاد کے ایک وفد نے منگل کے روز مختلف جماعتوں کے قائدین کو باقاعدہ طور پر اپنی آنے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، جو 20 اور 21 دسمبر کو منعقد ہوگی۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مصطفی نواز کھوکھر، اسد قیصر اور اخونزادہ حسین نے علیحدہ علیحدہ قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ اور جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد اتحاد کے نائب چیئرمین مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ کانفرنس کا مقام خیبر پختونخوا ہاؤس ہوگا اور امید ظاہر کی کہ حکومت ایسے کسی اقدام پر نہیں جائے گی جو اسے دوبارہ عوام کے سامنے شرمندہ کرے۔ کھوکھر نے کہا ’’ہمیں امید ہے کہ حکومت کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے وفاق اور صوبوں کے درمیان قائم نازک توازن بگڑنے کا خدشہ ہو۔‘‘ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ اگر وزراء کی جانب سے 28 ویں آئینی ترمیم کے بارے میں جو باتیں کی جا رہی ہیں، ان پر عمل کیا گیا تو یہ وفاق کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہوگا۔ موقع پر خطاب کرتے ہوئے آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ 1973 کے آئین میں مزید تبدیلیاں قابلِ قبول نہیں ہوں گی، اور مزید کہا کہ اگر ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا تو معیشت بھی آگے نہیں بڑھ سکے گی۔
اہم خبریں سے مزید