کراچی (ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ نون کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ فیض حمید میری چیخیں سننا چاہتے تھے اس لئے بغاوت کے الزام میں گرفتار کر کے مجھ پر تشدد کیا گیا ۔رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف شہرام ترکئی نے کہا کہ ہم غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹتے بانٹتے اب تک نہیں تھکے ہیں اس سے ملک کو نقصان ہوا ہے۔ ماہر قانون کرنل (ر) انعام الرحیم نے کہا کہ فیض حمید صحافیوں کو بھی لاپتا کرتے تھے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نے تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں بھارت دوسری میڈیا وار پاکستان سے ہار چکا ہے ۔پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے لیکن انڈیا اور اسرائیل کی طرف سے پاکستان کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے کیا ہم دشمن کی سازشوں کا جواب یکجہتی کے ساتھ دینے کیلئے تیا رہیں۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ جنرل فیض حمید قومی مجرم تھے ۔ میرے متعلق کہا گیا تھا کہ میرے مودی سے رابطے ثابت ہوئے ہیں کلبھوشن کے ذریعے میں نے جج سے کہا کہ جتنا انہوں نے مجھ پر تشدد کیا ہے اگر کلبھوشن پر کرتے تو یہ پاکستان میں ہونے والی تمام کرپشن کو مان لیتا۔