• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں H3N2 انفلوئنزا وائرس، احتیاطی اقدامات کی ہدایت

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ نے H3N2 انفلوئنزا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی۔ جس میں عوام اور اسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انفلوئنزا جیسی علامات اورسانس کی بیماریوں کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مناسب احتیاطی اقدامات کریں۔وائرس کی عام علامات میں شدید بخار، جسمانی درد، گلے اور سر میں درد، چھینکیں، کھانسی، نزلہ، تھکن، متلی، قے اور بچوں میں اسہال شامل ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق H3N2 وائرس، انفلوئنزا اے کی ایک ذیلی قسم ہے جو تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور کمزور مدافعتی نظام والے افراد کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ H3N2 وائرس بنیادی طور پر متاثرہ شخص کے کھانسنے، چھینکے یا بولتے وقت خارج ہونے والے ذرات سے، قریبی رابطے سے یا آلودہ سطحوں کو چھونے اور پھر آنکھ، ناک یا منہ لگانے سے منتقل ہوتا ہے۔تشخیص کیلئے لیبارٹری ٹیسٹ جیسے RT-PCR، وائرل کلچر یا اینٹی باڈی ٹیسٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جن میں ماسک پہننا، بار بار اور اچھی طرح ہاتھ دھونا، رش والی جگہوں پر جانے سے گریز اور انفلوئنزا ویکسین لگوانا شامل ہے۔

اہم خبریں سے مزید