کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ کا درد آج بھی میری قوم کے ہر شخص کے دل میں تازہ ہے کیونکہ یہ وہی دن تھاجب اکثریت کوطاقت کے زور پر دبا کر ملک کو دولخت کردیا گیا۔ وہ مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کی جانب سے منعقدہ سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ آفاق احمد نے کہا کہ اس تقریب کا انعقاد اس لئے کیا گیا ہے کہ میری قوم کے بچے اپنی ماضی کے سانحات اور تکلیف دہ واقعات سے سبق حاصل کرسکیں۔ انہوںنے کہا کہ حمود الرحمن کمیشن کی رپورٹ میں صاف لکھا ہے کہ اقتدار دراصل عوامی لیگ کا حق تھا جسے طاقت کا بے رحمانہ استعمال کرکے کم سیٹیں لینے والی پیپلز پارٹی کے حوالے کرنے کیلئے ”ادھر ہم ادھر تم“ کا نعرہ لگایا گیا۔ آٖفاق احمد نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ جنکی وجہ سے ہوا وہ تو اب اس دنیا میں نہیں لیکن محصورین مشرقی پاکستان، پاکستان سے محبت کی سزا ابتک بھگت رہے ہیں۔